نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کی سیکورٹی کو لے کر کانگریس کی شکایت کا جواب دیتے ہوئے سی آر پی ایف نے کہا کہ اس نے 2020 سے تقریباً 113 بار سیکورٹی پروٹوکول کو توڑا ہے۔ مرکزی سیکورٹی فورس سی آر پی ایف نے کہا کہ رہنما خطوط کے مطابق راہل گاندھی کو سیکورٹی دی جا رہی ہے۔ سی آر پی ایف ریاستی پولیس اور سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر حفاظتی انتظامات کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں
اس کے ساتھ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ راہل گاندھی نے خود کئی مواقع پر حفاظتی ہدایات کی خلاف ورزی کی ہے۔ اس بارے میں انہیں کئی بار آگاہ بھی کیا گیا ہے۔ 2020 سے اب تک ایسی 113 خلاف ورزیاں پائی گئیں اور انہیں ان کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
‘بھارت جوڑو’ یاترا کے دوران بھی راہل گاندھی نے حفاظتی ہدایات کی خلاف ورزی کی اور سی آر پی ایف اس معاملے کو الگ سے اٹھائے گا۔
آپ کو بتا دیں کہ کانگریس کی جانب سے وزیر داخلہ امت شاہ کو راہل گاندھی کی سیکورٹی کو لے کر ایک خط دیا گیا تھا۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے ایک خط لکھ کر شکایت کی تھی۔ شکایت میں کہا گیا تھا کہ 24 دسمبر کو دہلی میں ‘بھارت جوڑو’ یاترا کے دوران راہل گاندھی کی سیکورٹی میں کوتاہی ہوئی تھی۔