دلبر شاہی : وہی رفتارِ بے ڈھنگی جو کل تھی آج بھی ہے!!

دلبر شاہی : وہی رفتارِ بے ڈھنگی جو کل تھی آج بھی ہے!!

دلبرشاہی ایک معروف ثناخواں جنہیں ثناخوانی حبیب ﷺ نے تمام تر عزت دولت اور شہرت سے نوازا، آج شاید چند روزہ بے کاری نے انہیں قوال بن نے پر مجبور کردیا، اب تک کا سرمایہ جو انہوں نے نبیﷺ کی نعت پڑھ کر آخرت کے لیے جمع کیا تھا،اسے قوالی اور میوزک کی نذر کررہے ہیں۔ نعت خوانی کے مقدس پیشہ اور نعت گویان مصطفےٰ علیہ الصلوٰۃ والسلام کو شرمسار تو کیا ہی ساتھ ہی سیکڑوں نوجوان نعت خوان مصطفے ﷺ جن کے لیے وہ آئیڈیل ہیں ان میں بھی اس بد کاری میں پڑنے کی تحریک پیدا کی۔
واضح رہے کہ ہندوستان کی طویل ترین ثناخوان مصطفےٰ کی تاریخ میں ایسی کوئی مثال نہیں ملتی کہ ایک معروف اور مذہبی اسٹیج کا نعت گو شاعر کسی وجہ سے قوال بن گیا، ہاں اس کے برعکس ضرور نظر آتا ہے۔

یہ بتانے کی ضرورت نہیں کہ میوزک کی شریعت میں کیا حیثیت ہے اور نچنیا، گویا،مجراکرنے والا/والی، قوال اور ایک نعت خوان رسول ﷺ میں کیا فرق ہے۔ جن کو فرق سمجھ نہیں آتا وہ وہ برسوں سے اپنے یہاں خانقاہوں میں نچواتے گواتے رہے ہیں لیکن پھر بھی تقریبا ملک کے تمام نعت گو شعراء نے اس مقدس فن کے تقدس کو بچا کر رکھا ہے۔ایک شخص جس کو نعت مصطفےٰﷺ نے تمام تر شہرت سے نوازا اب اس شہرت کا استعمال کرکے قوالی اور میوزک کی دنیا میں اپنا نام کرنا چاہتا ہے تو یقینا یہ کارِ بد انجام ہے۔
آج سے تقریبا دس بارہ برس قبل موصوف کو ایک مذہبی جلسے میں پہلی اور آخری بار لائیو سننے کا اتفاق ہوا تھا، نعت پڑھنے کا جو ان کا طریقہ کار اور اس دوران جس طرح کی ان کی حرکتیں تھیں بخدا پہلی بار نعت مصطفےٰ ﷺ کی سماعت بھی کانوں کو شدید ناگوار گزر رہی تھی۔ ایسی ایسی اوچھی حرکتیں، آواز میں حد درجہ بناوٹ اتار چڑھاؤ، فلمی راگ میں ڈوبا ہوا بےتکا طرز، ایک ایک لفظ کو بیس بیس بار دہرانا، اسٹیج کے چاروں طرف گھوم گھوم کر وہاں موجود علماء کرام مفتیان ذوی الاحترام اور پیران عظام کے منہ میں ہاتھ ڈال کر داد نکلوانا، جاہل عوام کو فلمی راگ کےطرز میں مدہوش کرکے پیسے نکلوانا یعنی پوری کیفیت ایک گویے نچنیے والی دیکھ کر آخر کار پروگرام کی صدارت فرمارہے والد گرامی نوراللہ مرقدہ نے دوران نعت ہی ان سے مائک چھین کر سخت تنبیہ کی اور فرمایا کہ عزیزم یہ ممبر رسول ﷺ ہے اور آپ جو پڑھ رہے ہیں وہ ثناخوانی مصطفےٰ ﷺ ہے دونوں کے تقدس کا خیال رکھیں اور حد ادب ملحوظ رہے۔
یہ موصوف کی نعت خوانی کا شروعاتی دور تھا۔ خیر! مرد ناداں پر کلام نرم ونازک بے اثر کے مصداق موصوف نے وہاں پر دوبارہ تو ایسی اوچھی حرکتیں تو نہیں کی لیکن بعد میں اب تک بارہا سننے میں آیا ہے کہ اکثر اسٹیجوں پر وہی ناچنے گانے والا طریقہ کار اپنائے ہوئے ہیں یعنی وہی رفتار بے ڈھنگی جو کل تھی آج بھی ہے، لیکن یہ تو ساری حدیں پار کرنے والی حرکت ہے، بہتر ہوتا کہ وہ یہ اعلان ہی کردیتے کہ میں نے اب باضابطہ قوالی کا پیشہ اپنا لیا ہے، مجھے لوگ بحیثیت قوال شادیوں، بچوں کی پیدائشوں یا ناچ گانا کروانے والے اعراس میں بحیثیت قوال بلایا کریں۔ کیونکہ ممبر رسول ﷺ پر ثنا خوانی شاید اب مجھے اتنی کمائی نہیں دے پاتی جس سے میں اپنی وی آئی پی لائف کی آسائشوں اور عیش و تنعم کے اخراجات کو پورا کرسکوں۔
خیر! میں پھر بھی پرامید ہوں کہ اللہ سبحانہ انہیں عقل سلیم عطا فرمائے، وہ اپنی حیثیت کو سمجھیں کہ وہ اسی راہ کے مسافر ہیں جس راہ پر چل کر سیدنا حسان بن ثابت رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے لے کر حسان الہند سیدنا اعلیٰ حضرت امام احمد رضا قادری فاضل بریلوی قدس اللہ سرہ تک لاکھوں کروڑوں نعت گویان مصطفےٰ علیہ الصلوٰۃ والسلام نے دنیا بھر کے عاشقان مصطفےٰ کے دلوں پر حکومت کی اور اسی مقدس پیشے نے نہ صرف انہیں کروڑوں سروں کا تاج بنایا بلکہ آخرت کی وہ لازوال دولت عطا کی جس نے انہیں دنیا میں بھی سرخرو کیا اور آخرت میں اپنے حبیب لبیب کے جوارِ محبت میں جو جگہ ملے گی سو الگ۔کل بروز حشر مقصود کائنات، مصطفےٰ جان رحمت ﷺ سے جس ثناخوانی کے طفیل شفاعت کے طلبگار ہوں گے کیا انہیں یہ پسند ہے؟نہیں، ہرگز نہیں!
تومیری ان سے گزارش ہے کہ وہ جتنی جلدی ہوسکے اپنا توبہ نامہ وائرل کریں تاکہ بدگمانیوں اور افواہوں کا یہ سلسلہ (اگر ہےتو) تھمے اور عوام الناس میں جو ایک غلط میسیج گیا ہے اس کا ازالہ ہو اور ان کی مذہبی زندگی جو یقینا ایک مرد مومن کا اصلی سرمایہ ہے حسب سابق جاری وساری رہے۔

احمدرضا صابری


الرضا نیٹورک کا اینڈرائید ایپ (Android App) پلے اسٹور پر بھی دستیاب !

الرضا نیٹورک موبائل ایپ کوگوگل پلے اسٹورسے ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے       یہاں کلک کریں۔
الرضا نیٹورک کا واٹس ایپ گروپ جوائن کرنے کے لیے      یہاں پر کلک کریں۔
الرضا نیٹورک کا فیس بک پیج  لائک کرنے کے لیے       یہاں کلک کریں۔
الرضا نیٹورک کا ٹیلی گرام گروپ جوائن کرنے کے لیے یہاں پر کلک کریں
الرضانیٹورک کا انسٹا گرام پیج فالوکرنے کے لیے  یہاں کلک کریں


مزید پڑھیں:

  • Posts not found

کے بارے میں alrazanetwork

یہ بھی چیک کریں

بھائی

!!ہمیشہ چھوٹے ہی غلط نہیں ہوتے!

ہمیشہ چھوٹے ہی غلط نہیں ہوتے! احمدرضا صابری حدیث پاک حق کبیر الإخوة علی صغیرہم …

Leave a Reply

واٹس ایپ پیغام بھیجیں۔